ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ہجومی تشدد کے واقعات میں رپورٹ کیلئے وزرا کی کمیٹی کی تشکیل نو 

ہجومی تشدد کے واقعات میں رپورٹ کیلئے وزرا کی کمیٹی کی تشکیل نو 

Tue, 24 Jul 2018 01:56:28    S.O. News Service

نئی دہلی :23/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پیر کو لوک سبھا میں کہا کہ ملک بھر میں ہجومی تشدد میں قتل کے معاملات پر رپورٹ دینے کے لئے حکومت نے ایک وزرا کی کمیٹی کی تشکیل دی ہے اور داخلہ سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی کی بھی تشکیل دی ہے جو 15 دن میں اپنی رپورٹ دے گی۔ سنگھ نے ایوان میں اپنی طرف سے دیئے گئے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں بھیڑ کی طرف سے پیٹ پیٹ کر قتل کے معاملات پر پارلیمنٹ میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی اس سلسلے میں تبصرہ کیا ہے اور حکومت سے پہل کرنے کی توقع کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں داخلہ سکریٹری کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ دے گی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر ان (سنگھ کی) قیادت میں ایک وزراء کی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جو جلد سے جلد اپنی رپورٹ دے گی۔ ملک بھر میں گزشتہ دنوں سامنے آئی ہجومی تشدد میں قتل کے معاملات کے پس منظر میں حکومت نے یہ اقدام کیا ہے ۔گذشتہ جمعرات کو سنگھ نے ایوان میں کہا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ بہت سے علاقوں میں موب لنچنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اس میں کئی لوگوں کی جانیں بھی گئی ہیں؛ لیکن ایسی بات نہیں ہے کہ اس طرح کے واقعات ماضی میں چند سالوں میں ہی ہوئے ہیں، پہلے بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں؛ لیکن ایسے واقعات تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موب لنچنگ میں لوگ مارے گئے ہیں، قتل ہوا اور لوگ زخمی ہوئے ہیں، جو کسی بھی حکومت کے لیے درست نہیں ہے۔ہم ایسے واقعات کی مکمل طور پر مذمت کرتے ہیں۔کے. سی. وینو گوپال کی طرف سے وقفہ صفر میں اس موضوع کو اٹھایا گیا تھا، جس پرراج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں مرکزی حکومت بھی خاموش نہیں ہے۔


Share: